شوال کا چاند پاکستان میں نظر آ گیا، عید الفطر بدھ کو ہو رہی ہے۔ مختلف شپروں اور قصبوں کی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات میں مسلم امہ اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیئے دعائیں۔
کراچی،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کا اپنے مرحومین کی قبر پرحاضری کے لئے قبرستانوں میں جانےکاسلسلہ بھی جاری ہے۔
عید الفطرکے موقع پر تمام شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،تفریحی مقامات پر بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سیکورٹی کے پیش نظر پولیس کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 35500 اہلکار اور افسران تعینات کئے گئے ہیں ۔
صدر اور وزیر اعظم نے عید الفطر پر قوم کو مبارکباد دی اور ملک وقوم کی ترقی کے لئے کام کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں آج کے دن عہد کرنا چاہیے کہ ہم باہمی ہمدردی اور رواداری کے ساتھ رہیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی کا سفر شروع کردیا، انشاءاللہ جلد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہو جائینگے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عوام کو پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کیساتھ عید کی مبارک باددی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف سمیت بحری اور فضائی افواج کے سربراہان نے بھی پاکستانی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کا چاند نظر آ گیا ہے۔ عید الفطر بدھ کو منائی جائے گی۔ اس دوران مختلف علاقوں سے علماء سے رائے لی گئی جنہوں نے ہمارے فیصلے کی توثیق کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سن لیں دین آئین کے تابع نہیں۔ 18 ویں ہو یا کوئی اور ترمیم، سب دین کے تابع ہیں۔ ہزارہ ڈویژن، بونیر، چترال، تیمرگرہ، ڈی آئی خان، پشاور، مردان سمیت دیگر علاقوں میں ہمارے ساتھ عید منائی جائیگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے۔ فیصل آباد، کشمور، ڈیرہ بگٹی، لاہور، رحیم یار خان، ژوب، صادق آباد، کامرہ، اٹک، ٹیکسلا، خان پور، گھوٹکی، بہاولپور، راجن پور، سوئی، شکار پور، جیکب آباد، کوہلو سمیت دیگر علاقوں میں چاند نظر آیا۔
مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ بعض جگہ جم غفیر نے چاند دیکھا اور متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر بدھ 5 جون کو ہو گی۔ آسٹریلیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، انڈیا ، مصر، اردن، لبنان، مراکش، عمان، فلسطین، شام، ازبکستان، ترکمانستان، بوسنیا، نارتھ امریکہ، برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں کی عید کل ہمارے ساتھ ہو گی۔ وہ لوگ جو رویت ہلال پاکستان پر یقین رکھتے ہیں وہ عیدالفطر ہمارے ساتھ منائیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی سب تحریک میں علماء شریک ہوئی، ہم حکومت سے محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن دینی معاملات میں حکومت معاونت کرے، یہ دستور پاکستان کا تقاضا ہے، کہی کسی جگہ مشکل ہے تو رکاوٹ پیدا نہ کی جائیں۔ ہماری مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے میدان عمل میں موجود ہے۔ ہم ان کی مکمل غیر مشروط تائید کرنا چاہیے۔ ان کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔
مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ تمام مکاتب فکر علماء کو اکٹھا کریں گے اور بتائیں گے کہ سب لوگ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کو خیبرپختونخوا یا پورا صوبہ نہ سمجھیں۔ جو لوگ سرکاری عہدوں پر فائز ہیں وہ اپنے عہدوں کو دیکھ کر بولا کریں۔ دین کو نظر بند نہیں کیا جا سکتا۔ خالص دینی مسائل پر دین کے ساتھ کھڑے ہوں۔













