ورلڈ کپ کرکٹ کے 30 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا یہ میچ قومی ٹیم کے لیے ڈو اور ڈائی کی سی صورتحال اختیار کر چکا ہے ، میچ میں قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
قومی ٹیم میں آؤٹ آف فارم چل رہے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ ساتھ فاسٹ بولر حسن علی کو ڈراپ کیا گیا ہے اور ان کی دونوں کی جگہ حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
میچ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ،حارث سہیل، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر، عماد وسیم اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھنے کےلیے گرین شرٹس کو آج ہی نہیں بلکہ اپنے باقی 4 میچز بھی لازمی جیتنا ہوں گے۔
ایونٹ میں پاکستان ٹیم اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے اب ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، گزشتہ 3 مواقعوں پر ٹیم کے بولرز نے حریف بلے بازوں کو پریشان کیا مگر بیٹسمین اتنے رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے جس سے ٹیم کامیاب ہوسکتی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم نے میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔











