پاکستان میں توہینِ مذہب کے مقدمات کے رجحان کے بارے میں اسلام آباد کے ایک تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملک کے قیام سے اب تک 1415 افراد پر توہینِ مذہب کے الزامات لگے یا ان پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 89 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے۔
سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق توہینِ مذہب کا الزام لگائے جانے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیے جانے والے افراد میں 18 خواتین اور 71 مرد شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2011 سے 2021 کے دوران توہینِ مذہب کے الزامات کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور اس عرصے کے دوران 1287 شہریوں کے خلاف الزامات عائد کیے گئے۔
رپورٹ میں 1947 سے 2021 تک توہینِ مذہب کے مقدمات کا احاطہ کیا گیا ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر توہینِ مذہب کے 1415 مقدمات درج کیے گئے جن میں 107 خواتین جب کہ 1308 مردوں پر الزام لگایا گیا۔ تھنک ٹینک نے یہ اعداد و شمار اخبارات میں شائع شدہ خبروں کی بنیاد پر مرتب کیے ہیں۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ توہینِ مذہب کے الزامات کے واقعات کی اصل تعداد ان اعداد و شمار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں 70 فی صد مقدمات
اس رپورٹ کے مطابق توہینِ مذہب کے 70 فی صد مقدمات یعنی 1098 مقدمات پنجاب میں دائر کیے گئے جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توہینِ مذہب کے 55 مقدمات درج ہوئے جو کہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مجموعی مقدمات سے بھی زائد ہیں۔
پنجاب میں سب سے زیادہ توہینِ مذہب کے مقدمات کے بعد سندھ میں یہ تعداد 173، خیبر پختونخوا میں 33، بلوچستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں 11 مقدمات سامنے آئے ہیں













