مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کچھ لوگ جیلوں میں ہیں اور کچھ کو جیل بھیجنے کی تیاری ہے، احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں ہمیشہ ملک و قوم کو پیچھے لے جاتی ہیں، آصف زرداری سے مل کر توانائی ملتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے آصف زرداری سے چیمبر میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری تجربہ کار سیاست دان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صرف ایک ہی موضوع پاکستان کے حالات،بڑھتی ہوئی مہنگائی، پھیلتی ہوئی بیروزگاری اور بگڑتی ہوئی معیشت پر بات ہوتی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری بات ہوتی ہے کیسے ملک کو ان حالات سے نکالا جائے اور کیسے اس حکومت کو سمجھایا جائے کہ اگر موقع مل گیا ہے یا دلوا دیا گیا ہے تو اس کو استعمال کریں۔

سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن نے کہا تھا کہ میثاق جمہوریت کو توسیع دیتے ہیں اور تحریک انصاف کو شامل کرتے ہیں، اس پیشکش کے جواب میں حکومت نے کہا یہ تو ڈر گئے ہیں، این آر او مانگتے ہیں، اس کے بعد میثاق معیشت کا بھی وزیر اعظم اور وزرا نے تمسخر اڑایا۔

SHARE

LEAVE A REPLY