ایران نے امریکی میڈیا کی جانب سے سائبر حملوں سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے خلاف کوئی سائبر حملہ کبھی کامیاب نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر ٹیلی کمیونیکیشن محمد جواد اظہری جہرومی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کسی امریکی حملے کا حوالہ دیے بغیر کہا کہ ’میڈیا ایران کے خلاف سائبر حملے کی صداقت سے متعلق سوالات اٹھا رہا ہے، ان کی جانب سے کوئی کامیاب حملہ نہیں کیا گیا تاہم وہ بہت زیادہ کوشش کررہے ہیں‘۔
ایران کے وزیر ٹیلی کمیونیکیشن نے بتایا کہ ایران سائبر دہشت گردی جیسا کہ اسٹکس نیٹ اور یک طرفہ نظام یعنی پابندیوں کا سامنا کررہا ہے۔
اسٹکس نیٹ وائرس کا علم 2010 میں ہوا تھا، جس سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران میں جوہری ٹھکانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے یہ وائرس بنایا تھا۔











