ورلڈ کپ کرکٹ کے اہم ترین 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور بارہ اوور میں کسی نقصان کے بغیر تا دم تحریر تراسی سکور بنے ہیں۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم آج اپنا نواں اور آخری راؤنڈ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل رہی ہے، میگا ایونٹ میں انگلش ٹیم مسلسل 36 سال سے نیوزی لینڈ کے سامنے ناکام رہی ہے۔
میزبان ٹیم اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف چیسٹرلی اسٹریٹ کے میدان میں سیمی فائنل کے لئے جنگ لڑ رہی ہے ، اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ میں اب تک 5 میچز ہوئے ہیں جس میں کیویز فتح یاب رہے ہیں ۔
انگلش ٹیم اس وقت 10 پوائنٹس پر موجود ہے اور ایونٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے اسے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار ہے تبھی وہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کر پائے گی۔
انگلینڈ کو شکست کی صورت میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا، بنگلہ دیش کی ٹیم گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں ہار کے بعد ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے تاہم بنگلہ دیش کے خلاف جیت کر پاکستان کے 11 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جانے کے امکانات موجود ہیں۔
آج کے میچ میں کیویز کی شکست کی صورت میں انگلینڈ فائنل فور کی چوتھی ٹیم بن سکتا ہے ، جبکہ نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس پر بھی رہتے ہوئے محفوظ ہوگا یہاں تک کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ سے بڑے مارجن سے ہارے اور پاکستان بنگلہ دیش سے بھی بڑے مارجن سے جیتے تب کیویز کو خطرہ ہوگا ۔
مختصراً یہ کہ آج انگلش ٹیم کے خلاف پاکستان کے لئے کیویز کی فتح بہت ضروری ہوگئی ہے۔












