پی ایس ایل تھری کا فائنل جیتنے کی لگن میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ملک بھر میں شائقین کو مقابلے کا شدت سے انتظار ہے ، دوسری جانب حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کےاطراف کی سڑکیں اور گلیاں کنٹینر رکھ کر بند کردی گئیں۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے مطابق شارع فیصل پر کارساز روڈ اور لیاقت آباد 10 نمبر سے اسٹیڈیم تک سڑک بند رہے گی ۔ ملینیئم مال سے اسٹیڈیم تک آنے والی ڈالمیا روڈ اور نیو ٹاؤن سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والی سڑک بھی بند ہوگی ۔ نیپا سے جیل چورنگی تک یونی ورسٹی روڈ ، کشمیرروڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند ہو گی۔ شارع فیصل، شاہراہ قائدین، راشد منہاس روڈ اور شاہراہ پاکستان کھلی رہیں گی۔

نیشنل اسٹیڈیم کی سیکورٹی رینجرزکے حوالے کردی گئی۔ رینجرز حکام کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر کی تمام سیکورٹی رینجرزکے پاس ہو گی، پہلے حصار میں رینجرز اہلکار ہوں گے، دوسرے حصار میں پولیس اور رینجرزکے مشترکہ اہلکار تعینات ہوںگے جبکہ پاک فوج کے جوان کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر اسٹینڈ بائی رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے گیٹ دن 12 بجے سے تماشائیوں کے لیے کھول دیئے جائیں گے۔ سیکورٹی پاس کے بغیر کسی کو بھی اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دوسری جانب ٹریفک روٹس کا تعین بھی کردیا گیا ہے۔ مخصوص شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY