مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان وارننگ دیتا ہوں اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجاؤ، کارکنوں کو نواز شریف سے ملنے دو۔
کوٹ لکھپت جیل کےباہر نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے کے بعد قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اتنا بوجھ اٹھاؤ جس کا کل حساب دے سکو، وہ وقت دور نہیں جب تم سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ اور سلمان رفیق کو تمام سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے، عوام اور کارکن حوصلہ رکھیں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے صرف خاندان کے 5 لوگوں کو ملنے کی اجازت ہے، ان سے ملاقات نہ کرانا عمران خان کی فاشسٹ ذہنیت کا نتیجہ ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید ، رانا تنویر اور ملک محمد خان بھی نواز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل پہنچےجہاں میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا کہ حکومتی جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ پوری طرح متحد ہے، ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، لیگی رہنما رانا تنویر کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کا کردار ختم اور صوبائی اختیار ات کو لپیٹا جارہا ہے ،58 ٹوبی کی شق واپس لائی جارہی ہے، جبر سے جمہوریت کی آواز دبائی جارہی ہے،
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدمات شرمناک ہیں ، ملک کے طول و عرض میں احتجاج ہوگا۔
اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے باہر لیگی کارکن نوازشریف کے حق میں نعرےبازی کرتے رہے اور ان کی پولیس سے تکرار اور دھکم پیل بھی ہوتی رہی ۔













