راچی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں نجی ٹی وی کے اینکر پرسن سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک شخص نے رقم کے تنازع پر ‘بول ٹی وی’ کے اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست خضرحیات کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی کا کہنا تھا کہ ’ملزم عاطف زمان نے مرید عباس اور ان کے دوست کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی‘۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو ملزم نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔

اس سے قبل ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے شواہد ملے ہیں کہ مرید عباس کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

شرجیل کھرل نے مرید عباس کے دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اینکر پرسن کا کسی کے ساتھ رقم کے لین دین کا تنازع تھا، تاہم ’مطلوبہ شخص‘ کی شناخت تحقیقات کے پیش نظر ظاہر نہیں کی جارہی۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح ہسپتال) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مرید عباس کو ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق مرید عباس کے پیٹ اور سینے میں ایک، ایک گولی لگی۔

دوسری جانب مرید عباس کی اہلیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ عاطف زمان نے 8 بجے کے قریب فون کر کے مرید عباس کو بلایا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عاطف ٹائروں کا بزنس کرتا ہے اور مرید عباس نے 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم اس کے کاروبار میں لگائی تھی۔

مرید عباس کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ’انہیں شک نہیں یقین ہے کہ عاطف زمان نے ہی ان کے شوہر کو قتل کیا‘۔

SHARE

LEAVE A REPLY