پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دسختط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

چین کے صدر شی جن پنگ کے نمائندہ خصوصی اور جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود ہیں اور آج انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے پی ایم ہاؤس میں ملاقات بھی کی۔

چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے جس میں وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، نوید قمر، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور سعد رفیق بھی شامل تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے بہت ہی اہم منصوبے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان اور چین مل کر ان پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور ہم انتھک محنت سے پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے

چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) دونوں ملکوں کے درمیان اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا، سی پیک چین اور پاکستان کی نئی دوستی کے دور کا آغاز ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔

چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔

اس سے قبل چین اور پاکستان کے درمیان ایم ایل ون کے فریم ورک اور شاہراہ قراقرم کی ری الائنمنٹ سمیت مختلف مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جس سے معاشی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے، مختلف منصوبوں پر 25 ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوگی، زراعت اور آئی ٹی ترجیح ہے، ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے بھی انتہائی اہم ہیں، منصوبے سے دونوں ملکوں میں دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔

سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے، تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے خصوصی شرکت کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY