مری شخصیت کو مرے خدا وہ وقار تب و تاب دے
جنھیں احتمال خزاں نہ ہو، مرے باغ کو وہ گلاب دے
مجھے سیم و زر کی طلب نہیں،مری اور کوئی ہوس نہیں
مجھے چشمِ بینا تو کر عطا ، مجھے صبح نور کا خواب دے
مجھے اضطراب دیا گیا، تری مہربانی ہے اے خدا
مجھے جامِ عشق بھی اب پلا، ہو سکون ایسی شراب دے
یہ تصورات کے قافلے، تو یقین ووہم کے سلسلے
مری داستان ِ طویل کو کوئی وصل یار کا باب دے
ترے گھر میں آ کے میں گھوم لوں،
درِ ناز کو بھی میں چوم لوں
مئے عشق پی کے میں جھوم لوں، مجھے اذنِ رقصِ شتاب دے
غمِ دل سے لطفِ حیات ہے، غم دو جہاں سے نجات ہے
جسے خلوتوں میں پڑھا کروں غمِ دل کی ایسی کتاب دے
یہ جو منزلوں کا ہے فاصلہ، مری دست بستہ ہے التجا
مجھے جوش عزم صمیم دے، مجھے حوصلوں کا نصاب دے
ترے روبرو تری حاجرہ، بہ خلوصِ دل ہوئی سر نگوں
ترے پاس جتنی ہیں رحمتیں و نعمتیں وہ مجھے بغیر حساب دے
ہاجرہ نور زریاب آکولہ مہاراشٹر انڈیا













