آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا ہے، بھارت کشمیر کے تنازعے سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور عید کی نماز باغ سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ ادا کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسئلے سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی بھی کوشش کرسکتا ہے۔ ہم ایسی کسی بھی بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لیےپر عزم ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ہمارے لیے ویسی ہی اہمیت رکھتا ہے جیسی ہماری امن کی خواہش ، ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے اور سچ کیلئے استقامت اور قربانی بھی سکھاتا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور جتنا وقت، جتنی کاوشیں درکار ہوں گی وہ کریں گے، انشاء اللہ ہر چیلنج پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عید قرباں جموں و کشمیر کے باسیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے۔













