الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے کے خلاف پٹیشن پر آج فیصلہ سنائے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے یکم اگست کو استغاثہ اور دفاع کا موقف سننے کے بعد مریم نواز کی تعیناتی کے خلاف پٹیشن پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پٹیشن گزشتہ سال مئی میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون ساز فرخ حبیب، ملیکا بخاری، کنول شوزاب اور جویرہ سمیت دیگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز کو عدالت نے 6 جولائی 2018 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر کیے گئے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی جس کی وجہ سے وہ پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔












