عراق کی مشترکہ آپریشنز کمان نے اطلاع دی ہے کہ انسداد دہشت گردی فورسز نے شمالی شہر موصل کے بائیں ساحلی علاقے میں اکتیس علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور وہاں سے داعش کے جنگجوؤں کو لڑائی کے بعد نکال باہر کیا ہے۔
مشترکہ آپریشنز کمان کے بیان کے مطابق عراقی فورسز کی موصل کے تین اور علاقوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے اور انھوں نے حالیہ جھڑپوں میں داعش کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
مشترکہ کمان نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ عراقی فورسز موصل کے پلوں سے صرف دو کلومیٹر دور رہ گئی ہیں اور اتحادی فورسز نے موصل کے مشرق میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دو روز قبل انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر عبدالغنی الاسدی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ موصل کی بازیابی کے لیے داعش کے خلاف گذشتہ پچاس روز سے جاری کارروائی کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا ہے اور ان کی فورسز کا موصل کے بائیں ساحل پر مکمل کنٹرول ہوچکا ہے۔
درایں اثناء انسداد دہشت گردی فورسز نے موصل کے علاقے تعمیم پر نیا حملہ کیا ہے اور وہاں ان کی داعش کے جنگجوؤں کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY