امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ان کے خلاف واشنگٹن میں مظاہرے ہوتے رہے اور مظاہرین نے گاڑیوں، دکانوں اور دفاتر پر حملے بھی کیے۔ دوسری طرف ٹرمپ کے حامیوں نے بھی ان کے حق میں مظاہرے کیے۔
واشنگٹن پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بلوہ کرنے پر کم ازکم 217 افراد کو گرفتار کیا۔
جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین شہر کی سڑکوں پر نکل آئے تاہم ان کے احتجاج میں شریک ہونے کی وجوہات مختلف تھیں۔
ان میں سے بعض نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور پرامن طور پر مظاہرہ کر رہے تھے جبکہ دیگر افراد کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور انہوں نے بوتلیں پھینکیں اور پتھراؤ کیا۔ پولیس نے ردعمل میں مظاہرین پر آنسو گیس اور عارضی طور پر سن کرنے والے گولوں کا استعمال کیا۔












