امریکہ اور طالبان کے درمیان امن سمجھوتے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس کے مطابق فریقین کے دستخط کرنے کے بعد 135 دن کے اندر امریکی فوجی افغانستان میں پانچ فوجی اڈے خالی کر دیں گے۔
افغان امن عمل سے متعلق امریکہ کے اعلیٰ مذاکرات کار زلمے خلیل زاد نے یہ بات پیر کو افغانستان کے سب سے بڑے ٹیلی ویژن چینل ’ٹولو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ پانچ فوجی اڈوں سے 5,000 امریکی فوجی واپس بلا لیے جائیں گے۔ اس وقت افغانستان میں لگ بھگ سات فوجی اڈوں میں 14,000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔
زلمے خلیل زاد نے اس بیان سے پہلے افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کر کے اُنہیں مسودے کے کلیدی نکات سے آگاہ کیا تھا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق انہوں نے مسودے کی کاپی اُن کے حوالے نہیں کی تھی۔
افغانستان کے صدارتی ترجمان صادق صدیقی نے کابل میں صحافیوں کو بتایا کہ خلیل زاد نے افغان صدر کو اس سمجھوتے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر ممکنہ طور پر جلد دستخط ہونے والے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ افغان صدر نے تفصیلات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔












