بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے لرز اٹھا جبکہ دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص جابحق اور چار افراد زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے ۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے موتی رام روڈ پر بھی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے ۔
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس سے سکیورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ طلب کی ۔












