کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جلوس کے دوران لوہے کا علم بجلی کے تار سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 3 عزادار جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ ‘گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد میں محرم کا جلوس جارہا تھا اور اس دوران 11 ہزار والٹ کے بجلی کے تار سے علم ٹکرایا جس سے 3 عزادار جاں بحق ہوگئے’۔

ان کا کہنا تھا کہ علم لوہے کا بنا ہوا تھا، کرنٹ لگنے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور تین زخمیوں کو ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال لے جایا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی کا کہنا تھا کہ کرنٹ لگنے سے تین افراد جھلس گئے تھے جنہیں ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی کے برنس سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کے ہاتھ اور پیر جھلس گئے ہیں تاہم صورت حال خطرے سے باہر تھی اس لیے انہیں فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

جلوس کے حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ جلوس پرامن انداز میں اپنے راستے سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔

سچل ایس ایچ اور آغا معشوق کا کہنا تھا کہ عزادارگلستان جوہر میں دارالصحت ہسپتال کے باہر احتجاج کررہے تھے جہاں تینوں لاشوں کو منتقل کردیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی شناخت جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ محمد علی عمر، 13 سالہ حاجی خاصخیلی اور 18 سالہ سونو شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 13 سالہ سمیر حسن، 22 سالہ افضل آغا اور 19 سالہ محسن شاہ شامل ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY