ٹرمپ عمران ملاقات، ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

0
555

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ اہم ملاقات میں ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میری وجہ سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو میں تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب دیے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ امریکا کی پاکستان کیساتھ تجارت بہت کم ہے۔ ہماری دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر امور پر بات ہوگی۔ میں اپنے دوست عمران خان کو دورہ امریکا پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک مرتبہ پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیشکش پر قائم ہیں، اگر پاکستان اور بھارت چاہیں اور اگر میری ثالثی سے یہ مسئلہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ہیوسٹن میں ہونے والے جلسے میں بہت جارحانہ زبان استعمال کی اور ہال میں موجود ہزاروں لوگوں تک اپنا پیغام کافی جارحانہ انداز میں پہنچایا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان ایک عظیم لیڈر ہیں جو ان حالات میں بھی امن کی بات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طاقتور ملک ہے، اسے کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں افغان مسئلے پر بھی صدر ٹرمپ سے بات کرنا چاہتا ہوں، یہ مسئلہ بہت اہم ہے۔ پاکستان کا استحکام، افغانستان کے استحکام سے وابستہ ہے۔ افغانستان میں استحکام خطے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ان دنوں بہت سے ممالک امریکی صدر سے ملنے کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن پاکستان ان ممالک میں سے ہے جن کی قیادت سے میں ملنا چاہتا تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سابق امریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان خطے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ میرے مودی اور عمران خان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ عمران خان بہترین وزیراعظم اور میرے اچھے دوست ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY