وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سنجیدہ نظر آتے ہیں، ان کا موقف واضح اور درست ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں، جلد پی ٹی آئی حکومت سے نجات ملے گی۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والے پر مقدمہ درج کر لیا جاتا ہے، موجودہ حکومت نے کاروبار تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کیسے آئی؟ ڈپٹی اسپیکر کی سیٹ کے ڈبے کھلنے سے پتا چل گیا، تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ کوئٹہ کے بعد جلد جیکب آباد اور دیگر جگہوں کے ڈبے کھلنے والے ہیں، پی ٹی آئی کی طرح پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت سلیکشن کے ذریعے نہیں آئی۔

سعید غنی نے وزیر ریلوے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، وہ شغل لگاتے ہیں، ان کی کوئی ایک بات بتادیں جو صحیح ثابت ہوئی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی الزامات کی بنیاد پر گرفتاریاں ہورہی ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کو ریفرنس کے باوجود گرفتار نہیں کیا جارہا۔

وزیراطلاعات سندھ نے یہ بھی کہا کہ حسنین مرزا کےخلاف ریفرنس موجود ہے، انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، خورشید شاہ کے خلاف انکوائری ابھی ابتدائی سطح پر ہے ،ان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سعید غنی نے کہا کہ ریلوے کی زمین واگزار کروانے کا کام خود ریلوے کی درخواست پر روکا گیا، ریلوے حکام خود کہتے ہیں وہ اپنی زمین کنٹرول میں رکھنے کی پوزیشن میں نہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY