ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے اشتہاری ملزم عارف کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا۔

ملتان کے علاقے مظفر آباد کے تھانہ ایس ایچ او مہر بشیر ہراج نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مقتولہ کے اشتہاری ملزم بھائی عارف کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے بعد عارف کو پولیس تھانہ مظفر آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ملتان کی ماڈل کورٹ نے 2016 میں قتل کی گئیں اداکارہ و ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم اور مقتولہ کے بھائی وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے مفتی عبدالقوی سمیت کیس کے دیگر ملزمان قندیل کے بھائی اسلم شاہین، حق نواز، عبدالباسط اور محمد ظفر حسین کو بری کردیا تھا۔

فوزیہ امین عرف قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے 15 جولائی 2016 کو غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق قندیل بلوچ کا بھائی ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کی وجہ سے ناراض تھا، جس پر وہ انہیں غیرت کے نام پر قتل کرکے فرار ہوگیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے قندیل بلوچ کے قتل کی تحقیقات کے دوران ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

مرکزی ملزم وسیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ سعودی عرب میں موجود اس کے بھائی محمد عارف نے قندیل کو قتل کرنے کا کہا تھا اور ہدایت کی تھی کہ قتل کے بعد وہ سعودی عرب فرار ہوجائے۔

قندیل بلوچ کے والد کی درخواست پر پولیس نے مفتی قوی کا نام بھی اداکارہ کے قتل کے کیس میں شامل کیا تھا۔

اس سے قبل اداکارہ کے ساتھ متنازع تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مفتی قومی کو رویت ہلال کمیٹی سے نکال دیا گیا تھا، علاوہ ازیں مفتی قوی کو قومی علما مشائخ کونسل سے بھی نکال دیا گیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY