وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایران اور سعودی عرب جا رہے ہیں، ہم سب تحریک انصاف کے سپاہی ہیں۔ کشمیرایک دن ضرور آزاد ہو گا۔
ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کومشکل حالات میں حکومت ملی۔ ہم نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا۔ چین، سعودی عرب اور یو اے ای مدد نہ کرتے توملک دیوالیہ ہو جاتا۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 13 ماہ میں مشکل فیصلے کیے، تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہوئی ہے۔ معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔
جلسہ سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ چینی انویسٹرز پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ سی پیک منصوبے کو کچھ نہیں ہو گا۔ منصوبوں میں تیزی آئے گی، ملک میں جلد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حج پر گیا تو پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین سے کہا کہ تمام اختلافات ختم کرنا چاہتا ہوں، ترین اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے میرے کوئی اختلافات نہیں۔ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں ان کومزیدمضبوط کریں گے۔
جلسہ گاہ آمد سے قبل سورج کند روڈ کے مکینوں نے احتجاج کیا، سورج کند روڈ کے مکینوں نے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے احتجاج کیا۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ سورج کند روڈ کی ٹوٹ پھوٹ ہے، سیوریج نظام بدحالی کا شکار ہے، شاہ محمود کے وعدوں کے باوجود مسائل حل نہیں ہو رہے۔












