دفتر خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو بنجر زمین میں تبدیل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، پاکستان اس نوعیت کے خطرے کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے کہا ہے کہ پانی سےمتعلق پاکستان کے پاس ہر طرح کا جواب دینے کا حق محفوظ ہے، ہم گراؤنڈ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پانی سے متعلق پاکستان کا قومی بیانیہ ہے ، پانی کے بڑے معاملات پر چین کی شرکت مثبت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے مسائل پر بامعنی اور نتیجہ خیز سفارتی روابط کا حامی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو بنجر زمین میں تبدیل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ، پاکستان اتنا مضبوط ہے کہ اس نوعیت کے کسی بھی خطرے یا تباہی کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی مسئلے پر پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور سے متصادم نہیں، اگر کوئی ملک پاکستان اوربھارت کے درمیان امن وسلامتی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا چاہے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں اور وہ ہر مثبت بین الاقوامی رابطے کے لیے تیار ہے، بھارت بین الاقوامی ثالثی اور سفارتی روابط سے گریز کرتا ہے، کیونکہ بعض اہم معاملات پر اس کی پوزیشن بین الاقوامی قانونی جانچ پر پوری نہیں اترتی۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر، سرحدی آبی وسائل اور انسداد دہشتگردی جیسے معاملات پر بھارت کا مؤقف بین الاقوامی قانون کے تحت کمزور ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی مثبت بین الاقوامی کردار بشمول امریکا کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرے گا۔
اس کے علاوہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بنکاک اور کولمبو میں حالیہ رابطوں سے متعلق تبصرہ نہیں کرسکتے ، نجی تھنک ٹینکس کے زیراہتمام اس نوعیت کی ملاقاتیں پہلی بار نہیں ہوئیں۔
پاک بھارت اہم شخصیات کی جانب سے دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے لکھے گئے خط کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کہ حکومت پاکستان نہ اس کی توثیق کرتی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی تبصرہ ۔
ترجمان کا کہنا تھا کراچی میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان نے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں ، پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا ۔













