اقوام متحدہ نے ایران پر نابالغ افراد کو سزائے موت دینے پر تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق سے متعلق اہلکار جاوید رحمان نے کہا کہ ایران نے اس سال جولائی تک کل ایک سو تہتر افراد کو موت کے گھاٹ اتارا، جن میں دو کی عمریں محض سترہ برس تھیں۔
اطلاعات کے مطابق ایران نے پچھلے سال اٹھارہ سال سے کم عمر کے سات افراد کو سزائے موت دی۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایران کی جیلوں میں آج بھی اٹھارہ سال سے کم عمر کے نوے افراد سزائے موت کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ کم عمر افراد کو سزائے موت دینے کی سخت مخالف ہے اور اس کا ایران سے بارہا مطالبہ رہا ہے کہ وہ اس روش کا خاتمہ کرے۔












