اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعے کو بیروت پر کیے جانے والے حملے میں حسن نصر اللہ سمیت حزب اللہ کی سدرن کمانڈ کے کمانڈر علی کرکی اور ایڈیشنل کمانڈرز مارے گئے ہیں۔ حزب اللہ نے اسرائیلی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ کے وزیرِ دفاع لائڈ آسٹن نے جمعے کو اپنے اسرائیلی ہم منصب یوو گیلنٹ سے کہا ہے کہ امریکہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ گروہوں کو لبنان کی صورتِ حال سے فائدہ اٹھانے یا تنازع کو پھیلانے سے روکنے کے لیے پر عزم ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق پینٹاگان کے ترجمان پیٹ رائڈر نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں کہا کہ آسٹن نے اسرائیل کے حقِ دفاع کے لیے مکمل امریکی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ امریکہ خطے میں امریکی افواج اور تنصیبات کے تحفظ اور اسرائیل کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بیروت پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ لبنان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔
صدر ایردوان نے ہفتے کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں حسن نصر اللہ کا نام لیے بغیر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے لبنان پر حالیہ حملے نسل کشی، قبضے اور حملے کی پالیسی کا تسلسل ہے۔













