شہر اٹک کے قریب وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین راولپنڈی سے پشاور آرہی تھی کہ اٹک کے قریب حسن ابدال روڈ پر ایبٹ آباد چوک کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔
مذکورہ ہائی ایس وین، ٹرک سے تصادم کے بعد قریب نصب گیس کی مین پائپ لائن سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وین اور گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کے نتیجے میں وین میں سوار 13 مسافر موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ اور پولیس موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کاموں کا آغاز کیا۔
ریسکیو حکام نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر قابو پاکر لاشوں کو وین سے نکال لیا گیا، تاہم وین میں موجود تمام مسافر بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے، جن کی تعداد 13 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام لاشیں ناقابل شناخت ہیں اور انہیں مزید کارروائی کے لیے حسن ابدال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں یہ ہلاکتیں 210 سے تجاوز کرگئیں تھیں۔











