مولا امام حق کے ولی ہوگئے شہید
یعنی جناب نفس نبی ہوگئے شہید
جبریئل کہہ رہے ہیں ملایک سے عرش پر
سردارانبیا کے وصی ہوگئے شہید
جس بغض نے احد میں حمزہ کی جان لی
اس خبث کی جفا سے علی ہوگئے شہید
جن کی سخا پہ خالق اکبر کو مان ہے
لوگو وہ بے مثال سخی ہوگئے شہید
جابر یہ کہہ رہے ہیں اداسی سے مومنو
جبر و ملوکیت کی نفی ہوگئے شہید
طیبہ میں گونجتی ہے مسلسل یہی صدا
رب کے حبیب تیرے اخی ہوگئے شہید
پرسہ ہے میرا زینب و کلثوم کے حضور
کیسے لکھوں میں شاہ جلی ہوگئے شہید
کس کا نصیب ان کی ولایت سے ہے جدا
سب اولیا کے شیخ و ولی ہوگئے شہید
سب اچھے نام زیب انہیں دیتے ہیں بلال
صدیق بوتراب و غنی ہوگئے شہید
بلال رشید













