عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے الیکشن سے دستبردار ہونے کا آج آخری روز ہے، امیدواروں کو انتخابی نشان کل الاٹ کئے جائیںگے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی اور کل انتخابی نشان الاٹ ہوں گے،انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار یکم جولائی سے تئیس جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے اور چوبیس جولائی کو وقفے کے بعد پچیس جولائی کو ملک بھر میں پولنگ ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو یاددہانی کرائی ہے کہ امیدواروں کیلئے پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ متعلقہ ریٹرننگ افسران کو جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے،کمیشن نے واضح کیا ہے کہ وہ امیدوار جو پارٹی وابستگی کاسرٹیفکیٹ جمع نہیں کراسکیں گے انہیں پارٹی کے نشانات الاٹ نہیں کئے جائیں گے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے آنیوالے عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم جاری کردی ہے، قومی اورصوبائی اسمبلیوں کیلئے جاری اسکیم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھی اپ لوڈ کردی گئی ہے،ا سکیم میں پولنگ اسٹیشنوں، پولنگ بوتھز اورہرپولنگ اسٹیشن پر ووٹروں کی تعداد شامل ہے، اس کے علاوہ مردم شماری کوڈ اورعلاقے کی تفصیلات بھی اسکیم کاحصہ ہیں۔












