پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بنی گالا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ ہم ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون پرامن احتجاج کو روکنے کی اجازت نہیں دیتا۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، امید ہے انصاف ہوگا۔ 2 نومبر کو 10 لاکھ لوگ پرامن طریقے سے نکلیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ بنی گالا کے راستے غیر قانونی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
پولیس شریف خاندان کی نوکر بنی ہوئی ہے۔ کارکنوں کے رشتہ داروں کو بھی پکڑا جا رہا ہے۔ کنٹرولڈ ادارے انصاف نہیں دے رہے، عوام کو طاقت سے حق لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالا پہنچنے والے مجاہد ہیں۔ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کے جذبے کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔













