محترم و عزیز بزرگو دوستو اور ساتھیو یہ ایک سیاسی گورنمنٹ ھے جس نے زیر بجٹ بالخصوص آئندہ (جب بھی) ھونے والے انتخابات کو مد نظر رکھ کر ھی بنایا ھے. ھمارے مشرقی معاشرے میں پنشنرز بڑے بوڑھے لوگ کوئی اولڈ ھومز میں رھنے والے نہیں ھوتے معاشرے اور اپنے اپنے خاندانوں میں ان کا بڑا مقام ھوتا ھے حتی کہ اھل خاندان بچوں بچیوں کے رشتے ناطے بھی انہی بڑے بزرگوں کے مشوروں پر ھی طے کرتے ھیں چہ جائے کہ وہ آنے والے انتخابات میں ووٹ انکے مشورے کے بغیر ھی دے دیں؟ اگرچہ ریڈیو پاکستان کے پنشنرز اس حکومت وقت کے ھاتھوں بہت ستائے ھوئے ھیں چوتھے سال سے کمیوٹیشن تو رکی ھی ھوئی تھی مگر جون 2022 سے ماہانہ پنشن بھی ایڑیاں رگڑوا رگڑوا دی جانے لگی حتی کہ اب تین ماہ اپریل, مئی اور جون کی پنشن کا دور دور تک اتہ پتہ نہیں جن میں سے اپریل کی پنشن گذشتہ عید الفطر سے پہلے پہلے ادا کرنے کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف صاحب کے احکامات بھی ریکارڈ پر موجود ھیں. لیکن الحمدللہ ھم مایوس نہیں ھمارے تمام دوست اپنی اپنی بساط کے مطابق کوشاں ھیں اور ان شاءاللہ بہت جلد اندھیرا چھٹ جائے گا اور نئی صبح طلوع ھو گی.
دوسری طرف حالیہ پیش کئے جانے والے بجٹ کو لے کر شدید دھچکا لگا ھے کہ اس معاشرے کے ان بڑے بوڑھے پنشنرز کے ساتھ اتنی بڑی زیادتی کہ حاضر سروس کی تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ مگر وہ بزرگ جن کے کہنے/مشورے سے یہ حاضر سروس و دیگر اھل خاندان لوگ ووٹ دیںتے ھیں ان کے ساتھ اتنی بڑی زیادتی کہ انہیں صرف ساڑھے سترہ فیصد اضافے کا مستحق سمجھا گیا جنہوں نے نہ صرف اپنی زندگیاں/جوانیاں/صلاحیتیں ملک و ملت کی خدمت میں کھپائی ھیں بلکہ موجودہ دور میں ان میں سے اکثر کے بچے بے روزگار ھیں بچیاں ھاتھ پیلے ھونے کی منتظر ھیں اس کے ساتھ ساتھ اکثر یت کرائے کے گھروں میں رھنے پر مجبور ھے. علاج معالجہ کی بہتر سہولیات نہ ھونے کی وجہ سے پنشنرز یہ اخراجات بھی اپنی محدود پنشن سے ھی اٹھانے پر مجبور ھیں جن کو میڈیکل الاؤنس ملتا ھے اس میں بھی اضافہ تجویز نہیں کیا گیا. حکومت وقت بالخصوص وزیر خزانہ کو نظر رکھنے کی ضرورت ھے کہ جن لوگوں نے آج کل کے دور میں پنشنرز کے لئے حاضر سروس کی نسبت کم اضافہ تجویز کیا وہ موجودہ حکومت کے خیر خواہ نہیں لگتے.
اندریں حالات میری پنشنرز اور پنشنرز کی تمام تنظیموں سے گزارش ھیکہ بجٹ منظور ھونے سے قبل حکومت وقت کے پارلیمنٹیرینز اور کرتا دھرتوں کی توجہ اپنے اپنے ذرائع سے تجویز کردہ بجٹ میں ھمارے ساتھ ھونے والی اس زیادتی کی طرف مبذول کرائی جائے تا کہ پنشن میں بھی اضافہ حاضر سروس ملازمین کو دیئے جانے والے اضافہ کی شرع کے مطابق ھی ھو سکے. یقیناً ان پنشنرز میں کچھ ایسے دوست بھی ھیں جنکی رسائی میاں نواز شریف , شہباز شریف, آصف علی زرداری, بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار صاحبان تک بھی ھے. انھیں دست بستہ باور کرانے کی ضرورت ھے کہ یہ بڑے بوڑھے اپنے اپنے خاندانوں کے مؤثر لوگ ھوتے ھیں انکی کوئی پارٹی نہیں ھوتی مگر یہ ووٹ اسی کو دیتے دلاتے ھیں جو انہیں بے کار پرزہ نہ سمجھے.
(حافظ محمدانصارالحق منگرال, پنشنر آف ریڈیو پاکستان)













