ترک استغاثہ نے سن 2013 کے حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث ہونے کے شبے میں سولہ افراد پر باقاعدہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے ان کے لیے عدالت سے عمر قید کی سزاؤں کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کے خلاف الزامات میں حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کا الزام بھی شامل ہے۔ ان افراد میں انسانی حقوق کے معروف کارکن عثمان کوالا بھی شامل ہیں۔ کوالا پچھلے سوا برس سے بھی زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔
ان ملزمان میں ترک اخبار جمہوریت کے چیف ایڈیٹر جان دُوندار اور ممتاز اداکار محمد علی الابورا بھی شامل ہیں۔ دُوندار اور الابورا ترکی سے فرار ہو کر بیرون ملک چلے گئے تھے۔










