کابل: سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستانی سفارت خانے کا ویزا سیکشن بند

0
629

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستان کے سفارت خانے نے ویزا سیکشن سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کے طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے انہیں پاکستانی سفارت خانے اور افغانستان میں دیگر پاکستانی قونصل خانوں کے سفارتی عملے کی سلامتی اور تحفظ سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات سفارت کاروں اور عملے کو گزشتہ دو دن کے دوران مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا ہے جبکہ ان کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

افغان ناظم الامور کو پاکستان نے آگاہ کیا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت کابل میں تعینات پاکستان کے تمام سفارتی عملے کو تحفظ و سلامتی اور ان کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقنی بنانا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس کے ساتھ افغان ناظم الامور سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغان حکام فوری طور پر مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔

کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں ویزا سیکشن بند کرنے کی مبینہ وجوہات اور پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان پر تاحال افغانستان کی وزارت خارجہ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں ویزا سیکشن بند ہونے سے ان افغان شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جو علاج ، تعلیم اور دیگر امور کے لیے پاکستان کا سفر کرتے ہیں۔

حال ہی میں افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ سے متصل سرحد پر پاکستان اور افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کےتبادلہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناو پیدا ہو گیا تھا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ فائرنگ میں پہل افغان سیکیورٹی فورسز نے کی تھی جس میں پاکستان کے چھ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY