گاہے گاہے بازخواں ایں ….قسط نمبر 6 ..نصرت نسیم

0
1191

وظیفے والے کی طرح بہت سے جیتے جاگتے کردار وقت کی گرد میں یوں کھو گئے کہ اب ان کاتذکرہ بھی کوئی نہیں کرتا نہ ہی نئ نسل ان کو پہچانتی ہے ۔
1 ماشکی براون کلر کے چمڑے کی بڑی سی مشک اپنی پشت پر اٹھاے جس کے بوجھ سے کمر دوہری ہوئی جاتی صبح منہ اندھیرے بازار میں گلیوں میں چھڑکاؤ کرتا جاتا ۔(چھڑکاو سے مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو اٹھتی جو پورے ماحول کو مہکا دیتی )اور اس کے پیچھے پیچھے بلدیہ کے جمعدار جھاڑو لگاتے جاتے ساتھ ہی ساتھ دکانیں بھی کھل جاتیں دکاندار وں کے تھڑوں پر پنجروں میں بند پرندے سبحان تیری قدرت کا ورد کرنے لگتے فقیر بھی صبح صبح آموجود ہوتے اوردکانداربغیر کسی ناگواری کے دن کا آغاز صدقے سے کرتے ۔گاوں سے صبح سویرے آئی ہوئی خواتین دکان کے تھڑے پر رکھی چوکیوں پربیٹھی چاندی کے زیورات پسند کر رہی ہوتی زیورات ہاتھ سے بناے جاتے تو ٹھکا ٹھک کی آوازیں آنے لگتیں ۔چاے اور قہوے کی چینیکیں جن پر بےشمار ٹانکے لگے ہوتے )ہوٹل سے منگوائی جاتیں زندگی پورے طور پر جاگ اٹھتی ۔
2 ایک اور اہم کردار روزانہ صفائی کے لیے آنے والی جسے عرف عام میں جمعدارنی کہتے اس کا تھا جو اپنے سر پر بڑا سا ٹوکرا (کشرا )اٹھائے ہوے آتی اور ڈیوڑھی میں سلام کہہ کر رک جاتی ۔صحن میں قرآن مجید کی تلاوت کرتی ہوئی خالائیں جلدی جلدی قرآن مجید لپیٹ کر رکھ دیتیں تب وہ صحن سے گزر کر چھت پر جاتی جہاں بیت الخلا جانے کے لئے مزید 15 سیڑھیاں چڑھنی پڑتیں جہاں ساری گندگی سمیٹ کر رکھے گئے گھڑے سے بیت الخلا کو دھو دھلا کر نیچے آتی اور اس سخت خدمت کے اسے ماہانہ 5 یا 10 روپے ملتے ۔کبھی کبھی چاے پینے بیٹھ جاتی تو خوشی خوشی بتاتی کہ اس کا بیٹا پڑھ لکھ کر ریلوے میں گارڈ لگ گیا ہے ۔بیٹیاں بھی پڑھ رہی ہیں وہ یہ کام نہیں کریں گے حیرت اس کی محنت اور کام پر ہوتی تھی تو اپنے بزرگوں پر بھی کہ وہ کس طرح تیسری چھت پر جاتے ہونگے ۔
موسم بدلتا تو لحافوں کو نئے سرے سے دھودھلا کر بھروایا جاتا لہذا روئی دھننے والا جسے ہم ہندکو میں پینجا کہتے گلی گلی گھوم پھر کر آواز لگاتا کہ اگر کسی نے لحاف بھروانے ہوں تو ۔۔۔۔۔اکثر اسے ڈیوڑھی میں روئی دے کر بیٹھا دیا جاتا اور پھر جب وہ روئی دھننی شروع کرتا تو میں اس کی آواز کے سحر میں کھو جاتی کیسی موسیقیت سر اور لے تھی کہ دل چاہتا بس سنتی رہوں ۔
ہلکی خنکی کیے لیے ہلکی اور سخت جاڑے کے لیے بھاری بھاری مخمل اور شنیل کے لحاف بھروانے جاتے ۔بعد ازاں طرح طرح کے ڈیزائن ڈال کر ڈورے ڈالے جاتے سینے کے لئے بڑی بڑی سوئیاں اور موٹے دھاگے ہوتے سیتےسیتے انگلیاں زخمی ہوجاتیں اسلئے انگلیوں میی انگوشتانے (پیتل کی ٹوپی سی جسے انگلیوں پر چڑھا لیتے )پہن لیتےتاکہ ان
کی انگلیاں لحاف کی بڑی بڑی سوئیوں سے زخمی نہ ہوں ۔سردیوں کے مخصوص پکوان اچار مربہ جات اور حلوے پتیسے بنتے ۔گاجر کا حلوہ کئ کلو دودھ میں ہلکی آنچ پر ساری رات پکتا ۔پک جاتا تو آخری مرحلے پر بہت سارے چلغوزے شامل کیے جاتے ۔جی ہاں چلغوزے جو اس وقت اتنے سستے تھے کہ ڈھیروں ڈھیر ریڑھیوں پر بکا کرتے۔حلوے کے علاوہ گاجر کی پتلی پتلی قاشیں کر کے چینی کے قوام میں بناتے ساتھ ہی خشک آلو بخارا بھی شامل کردیتے ۔بڑے بڑے پتیلوں میں بنے یہ حلوے اور مربے دوست احباب کوبھی بھجواے جاتے ۔سردیوں میں پاے بھی شوق سے کھاے جاتے جو مٹی کے بڑے بڑے کٹووں میں

دھیمی آنچ یا ہیٹر پر ساری رات پکتے اسے کھاتے ہوے جوہڈیاں نکلتیں انہیں دھو دھلا کر گیند گیٹی کے لیے رکھ لیتے ۔جوگیند گیٹی کے اس کھیل کا جزو لاینفک تھیں ۔لکھتے لکھتےایک اور حلوے کی یاد آئی پایوں کا حلوہ جی صحیح پڑھا آپ نے پایوں کا حلوہ اسے شدید سردی یعنی پوہ ماہ کے مہینوں میں پکایا اور کھایا جاتا لیکن یہ معدودے چند لوگوں کو بنانا آتا تھا کہ بہت مشقت طلب کام تھا اباجی کے ایک دوست بنایا کرتے تھے سناہے ایسی سریش سی ہو جاتی کہ دو تین لوگ مل کر بمشکل کھینچ پاتے ۔پہلے لوگ پیدل چلتے مشقت طلب کام کرتے تو ایسی خوراکیں بآسانی ہضم کر لیتے اب نہ کسی کو بنانے کی فرصت نہ ہی کولیسٹرول اوربی پی کے ڈر سے کسی کو کھانے کی چاہت ۔
سردیوں کے حوالے سے ایک اورمربہ خاص کوہاٹ میں بنتا ہے نارنج (کھٹیوں )کا۔جب یہ اچھی طرح پک کر پیلی ہو جاتی ہیں تب انہیں توڑ کر مربہ بنتا ہے ۔اوپر کا چھلکا ہلکا سا اتار کر (زردے کے لیے سکھا لیتے )اندر سے گودانکال کر اسکی کھٹی میٹھی چٹنی بنا لیتے ہیں اور پوست یاچھلکوں کا مربہ بنالیتے ہیں زردے کے رنگ کا الائچی سے مہکتا مربہ سردی کے موسم میں ہرگھر میں آج بھی پایا جاتا ہے ۔ویسے یہ چار سدہ مردان وغیرہ کے علاقوں میں بھی بناتے ہیں لیکن گڑ میں ۔اکثر گڑ بناتے ہوے گودے سمیت پوری نارنج گڑمیں ڈال دیتے ہیں ۔ہمارے ہاں کا چینی میں بنا مربہ منفرد ہے کہ جب کسی کو کھلایا سب کا یہی کہنا تھا کہ اس سے پہلے ایسا مربہ کھانے کا اتفاق نہیں ہوا ۔اسے بھی دل کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے اور بنا کر تقریبا”پورے سیزن کے لئے محفوظ کر لیا جاتا ہے ۔پنجیری تو پنجاب وغیرہ میں بھی بنتی ہے ۔مگر ہمارے ہاں اس کو چیڑ کہا جاتا ہے ۔اس میں تمام چیزوں کے ساتھ ساتھ کمر کس اور دیسی ادویات بھی شامل کرتے جو بیک وقت حافظے کمر اور ہڈیوں کے مضبوطی کے لیے مفید ہوتیں ۔اسکو بنانے کی روایت کچھ کم ہو گئی ہے مگر پھربھی کسی حد تک برقرار ہے پہلے لوگ دیسی مہینے موسم اورموسم کی مناسبت سے ایسی چیزیں بناے کا ادراک رکھتے تھے فروری مارچ کے مہینے میں جب درختوں پر کونپلیں پھوٹتیں تو ایک تو خون کی صفائی کے لئے کڑوی چیزیں پیس کر ان کا جوس بچوں بڑوں کو ہلایا دوسرا”دھنییا”بنایاجاتا ۔جی درست پڑھا آپ نے دھنیا سوکھے دھنیے کے اندر سے خاص ترکیب کے ساتھ اندر سے مغز نکالا جاتا ہے ۔اورپھر باقی چیزیں ملا کر لڈو سے بنا لیتے ہیں انتہائی لذیذ یہ لڈو اعصابی ودماغی تقویت کے لیے اکسیر مانے جاتے ہیں چند سال پہلے تک باقاعدگی سے بنتے تھے اب وقت طلب اور دقت طلب اس دھنیے کو خال خال لوگ ہی بنا پاتے ہیں
مارچ کے آخر آخر میں جب دھوپ گرم لگنے لگتی تو کالی گاجروں سے بڑے بڑے مٹکوں اور گھڑوں میں کانجی بناتے ۔شیشے کے گلاس میں سرخ بلکہ سیاہی مائل میرون رنگ کا ٹھنڈا ٹھنڈا یہ مشروب بہت اچھا لگتا اس کو نکال کر پیتے اوراتنا ہی پانی اورڈال دیتے ۔ساتھ ہی ساتھ دوست احباب کو بھی جگ بھر بھر بھجواتے اب تو کالی گاجریں ہی نہیں ملتیں مل جائیں تو اکثر رنگی ہوئی ہوتی ہیں

سردیوں میں ہی کدو کش کی ہوی مولی اورمولی کے پراٹھے، جوار اور باجرے کی میٹھی ونمکین روٹیاں پتیسے سوجی نشاستے بیسن اور پیٹھا کدو کے حلوے اس طرح بازار میں بھی طرح طرح کے حلوے مٹھائیاں بکتیں ۔گڑ کے امرسے اور دودھ کی دکانوں پر سرشام بڑے بڑے کڑاہ دودھ کے پکاے جاتے لوگ سامنے بچھی چارپائیوں پر گاو تکیے سے ٹیک لگاے دودھ جلیبی کے بڑے بڑے پیالے سامنے رکھےگپ شپ کے ساتھ ساتھ دودھ جلیبی سے لطف اندوزہورہےہوتے ۔اسی طرح گرمیوں میں خیال رکھا جاتا کہ کھانے ایسے ہوں کہ تاثیر ٹھنڈی ہو ۔خاص طور پر تخم ملنگاہ وتخم ریحان کے شربت بنتے ۔ملائی قلفیاں بیچنے والے گلی گلی مخصوص صدائیں لگاتےایک آنے سے 8 آنے تک 8 آنے والی سب سے بڑی اورلذیذ ہوتی ۔جگہ جگہ فالودے کی دکانوں پر بڑے بڑے پیالوں میں ملائی قلفی اور فالودہ بنا کر پیش کیا جاتا ۔مٹی کے بڑے بڑے کونڈوں میں تازہ جماہوا دہی اوراس کے اوپر دہی کی ملائی کہ دل چاہتا بس کھاتے رہیں ۔

شدید گرمی میں صبح باداموں کو پیس کر سردائی بنتی ۔ہاڑ کے مہینے میں گوند کتیرہ رات کو مٹی کے پیالے (بھٹلے)میں دودھ میں بھگو کر رکھتے اورصبح ناشتے سے پہلے اس کو پی لیا جاتا ۔اس کی تاثیر اتنی ٹھنڈی ہے کہ ساون میں اس کونہیں پی سکتے ۔

گویا آم کے آم گٹھلیوں کے دام کے مصداق لذیذ کھانے بھی اورساتھ طبی افادیت بھی ۔دیسی مہینوں کے نام کے ساتھ ساتھ ان کے اثرات پر پورے پورے گیت اور اشعار یادتھے افسوس کہ مجھے سارے یاد نہیں ۔ایک دو جو یاد ہیں کچھ یوں تھے۔
بدرو بدرنگ ساوے پیلے رنگ
یا ستمبر کے مہینے میں میری بہشتی ماں کہتیں یہ مہینہ سب سے سخت ہے

چیت کے مہینے کے بارے میں کہتیں
چیترے نا چیتہ نہ کر یعنی اس ماہ میں دیکھتے ہی دیکھتے بارش آجاتی ہے (ہندکو بولنے کسی بہن بھائی کو بارہ مہینوں کے بارے میں یہ سب یاد ہوں توشئر کریں ممنونم )
ہم تک آتے آتے بہت سے برتن، آلات،سبزیاں اورکردار اپنی موت آپ مر گئے ۔اب جس تیزی سے فاسٹ فوڈ کارواج بڑھ رہا ہے اور آج کل کی مائیں وملٹی نیشنل کمپنیاں جس طرح بڑھاوا دے رہی ہے لگتا ہے کہ بچے سبزیاں اوران کے نام بھی بھول جائیں گے ۔مثلا “امی پکایا کرتیں خیزیاں مونگرے، لختیاں آخرالذکر پہاڑوں پر اگنے والی انتہائی لذیذ سبزی ہے اس طرح سبز چنے بازار میں آتے کچے سبز چنے بہت لذیذ ہوتے مٹروں کی طرح چھیلتے ساتھ ساتھ پھانکتے بھی جاتے ان کا سالن بنایا جاتا ۔طرح طرح کے ساگ، چونگاں قیمے کے ساتھ اہتمام سے بنتی ۔پھپھو اماں کریلے کے چھلکے آلو کے چھلکے کڑچھی میں بھون لیتیں
امی کی ایک ممانی تھیں وہ باسی روٹی کے ٹکڑے جمع کرتی جاتیں اور پھر مصالحہ بھون کر ان ٹکڑوں کودم پر رکھ دیتی لیجئے باسی روٹی سے ایک وقت کا کھانا تیار
لکھنے بیٹھی تھی معدوم ہوتے ہوئے کرداروں کے بارے میں کہ قلم پرانے کھانوں کی طرف مڑ گیا ۔ہم نے بھی اسے اپنی مرضی پرچھوڑ دیا مگر یہ ذکر طویل ہوا جارہا ہے باقی آئندہ
نصرت نسیم
جاری

SHARE

LEAVE A REPLY