غزہ اور شام میں اسرائیل کے علیحدہ علیحدہ فضائی حملوں میں سینیئر فلسطینی کمانڈر اور ان کی اہلیہ ہلاک ہوگئیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق مشرقی غزہ میں اسرائیلی حملے میں بھاء ابو العطا اور ان کی اہلیہ ہلاک ہوئیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بھاء ابو العطا اسرائیل پر ہونے والے حالیہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
دریں اثنا شامی حکام کا کہنا ہے کہ دمشق میں اسرائیل نے ایک اور کمانڈر اکرم الجوری پر فضائی حملہ کیا تاہم حملے میں وہ محفوظ رہے۔
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگجو طیاروں نے اکرم الجوری کے گھر پر 3 میزائل داغے جس کی وجہ سے ان کا بیٹا اور پوتی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے کے بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کا ایران اور اس کی پروکسیز سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر خطے میں تشدد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے متعدد مرتبہ ایران کو جارحیت کرنے پر خبردار کیا ہے جبکہ ان کی سیکیورٹی کابینہ مزید اقدامات کے حوالے سے ہنگامی سیکیورٹی اجلاس بھی کر رہی ہے۔
غزہ میں ہونے والا حملہ رات کی تاریکی میں کیا گیا تھا جب بھاء ابو العطا اپنے گھر پر سو رہے تھے۔
اسرائیل فوج کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھاء ابو العطا ایک ‘ٹائم بم’ تھا جو جنوبی اسرائیل پر متعدد راکٹ حملوں میں ملوث تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک کیا گیا کمانڈر نئے حملوں کی تیاری کر رہا تھا۔











