حکومت پیپلز پارٹی مذاکرات ، فیصلہ کیلئے 27 دسمبر کا انتظار

0
1021

حکومت پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ 27 دسمبر کو آصف زرداری کی طرف سے حکمت عملی کے اعلان کے بعد کرے گی ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پیپلز پارٹی کیساتھ مذاکرات ، مطالبات تسلیم کرنے یا نہ کرنے بارے فیصلہ کیلئے 27 دسمبر کی منتظر ہے ، آصف زرداری اور (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات کے بعد گرینڈ الائنس کی تجویز اور ملکی صورتحال پر حکمران جماعت مسلم لیگ کا اہم مشاورتی اجلاس رواں ہفتے متوقع ہے ۔

وزیر اعظم 27 دسمبر کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ، گرینڈالائنس بارے اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے پارلیمانی سربراہوں سے مشاورت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے 4 مطالبات بارے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے قریبی رفقا کیساتھ مشاورت کرلی ہے اور حکومت اس بات کی منتظر ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کل کیا اعلان کرتے ہیں تاہم ایک بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کیخلاف کرپشن مقدمات اور لیگی رہنماﺅں ، وزراء کے بیانات نہیں روکے جائیں گے ، پیپلز پارٹی پر دباﺅ قائم رکھنے اور اسے گرینڈ الائنس میں جانے سے روکنے کیلئے بیانات جاری رہیں گے ۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی کو گرینڈ الائنس میں جانے سے روکے اور حکومتی امور میں مدد حاصل کرے ۔ اس مقصد کیلئے حکومت پیپلز پارٹی کے چار مطالبات میں سے تین تسلیم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان صرف پانا ما لیکس تحقیقات کے معاملہ پر اختلاف باقی رہ جائے گا جس پر پیپلز پارٹی بیک فٹ پر جاسکتی ہے

آصف زرداری نے وطن واپسی کے بعد کسی موقع پر پاناما لیکس پر بات نہیں کی ، حکومت پر تنقید بھی زرداری نے دبے لفظوں میں کی تاہم 27 دسمبر کو پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت کیخلاف لائحہ عمل،حکمت عملی کے بعد ہی حکمران جماعت اپوزیشن جماعت سے مذاکرات کا فیصلہ کرے گی ، ذرائع کے مطابق حکمران جماعت، وزراءپیپلزپارٹی رہنماﺅں کیخلاف کرپشن مقدمات کی بات کرتے رہیں گے ۔ اس بات کا فیصلہ جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جس کی جھلک اگلے روز وزیر داخلہ چودھری نثار کی صحافیوں کیساتھ غیر رسمی گفتگو میں دیکھی گئی ، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت کیخلاف متوقع سخت فیصلے کی صورت میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) بھرپور جواب دے گی ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کل اگر ہاتھ ہلکا رکھے گی تو حکومت بدلے میں پیپلز پارٹی کیلئے نرم گوشہ اور سافٹ موقف اختیار کرے گی –

SHARE

LEAVE A REPLY