ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش کرنے کی تحریک سینیٹ میں کثرت رائے سے مسترد ہوگئی۔

سینیٹ میں بل پیش کرنے کی حمایت میں 16 اور مخالفت میں 29 ووٹ پڑے ہیں ۔

مسلم لیگ ن کے دلاور خان ، یعقوب خان ناصر نے بل کے حق میں ووٹ دیا۔

پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی نے بل پیش کرنے کی مخالفت کی جبکہ بل پیش کرنے کے حق میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ( پی کے میپ) اور نیشنل پارٹی شامل ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور ایم کیو ایم نے بھی بل پیش کرنے کی حمایت کی ہے ۔

سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شروع میں ہی کہہ دیا تھا کہ ہم ارکان پارلیمان کی تنخواہوں میں اضافے کی مخالفت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پاکستان میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں خطے میں سب سے کم ہیں، یہ بات بھی صحیح ہے کہ بہت سے ایسے ممبران ہیں، جن کا اس تنخواہ میں گزارا مشکل ہوتا ہے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے ساتھ ہی واضح الفاظ میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سب سے غریب و مظلوم طبقہ پہلے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تنخواہوں میں اضافے کی بات اور ارکان پارلیمان کا خود کو مراعات دینے کی بات سے بہت غلط پیغام جائے گا۔

……………………..

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ارکان پارلیمان کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سینیٹ میں پی پی پی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمان کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بل کی حمایت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستانی عوام کو ایک بہت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔

شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ یہ وقت نہیں کہ ہم خطے یا دیگر افراد کے ساتھ تنخواہوں میں مماثلت کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ عوام کا پیسا عوام کے مسائل پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

ان سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ایک بیان میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کو غیر مناسب قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک ابھی معاشی بحران سے پوری طرح نہیں نکلا، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وقت مناسب نہیں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY