ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتان کے مقام پر پاک ایران بارڈر پر امیگریشن چھٹے روز بھی بند ہے اور پاکستان سے ایران اب تک 418 ایرانی واپس جاچکے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایران سے کسی مسافر کی امیگریشن نہیں کی جارہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 270 مسافروں کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
کورونا وائرس پاکستان پہنچ گیا، 2 مریضوں میں تصدیق، ایران سے آنے والے دونوں افراد کراچی اور اسلام آباد کے اسپتال میں داخل، متاثرین کے اہل خانہ کا معائنہ، سندھ، بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند
دوسری جانب لیویز ذرائع نے بتایا ہے کہ راہداری گیٹ بندہے، مقامی افراد ایران میں پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علاقے کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شہر کے میڈیکل اسٹورز میں ماسک ختم ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران سے آنے والے کراچی اور اسلام آبادکے 2 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے بلوچستان کے راستے سے ایرانی بارڈر کراس کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
لیاقت شاہوانی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ وفاقی و دیگر صوبائی حکومتوں کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، ان ایام میں ایران جانے کے خواہش مند حضرات ایران جانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ایران جانے کی غرض سے پکڑا گیا تو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کیخلاف کارروائی ہوگی۔












