بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔
ہفتے کو نئی دہلی میں رواں موسم سرما کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا۔ پارہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ نئی دہلی میں جمعرات کو بھی درجہ حرارت 2.8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر چھورو میں پارہ صفر اور ریاست مدھیا پردیش کے شہر نوگونگ میں درجہ حرارت صفر اعشاریہ 5 ریکارڈ کیا گیا۔
نئی دہلی میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے 35 ٹرینیں اور 40 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
شدید سردی کے باعث پٹنا شہر میں دسویں جماعت تک کے اسکول 14 جنوری تک بند کر دیے گئے ہیں۔
بھارت کے شمالی حصوں میں سرد موسم کی لہر کل تک جاری رہنے کی توقع ہے۔












