وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تفتان میں پہنچنے والوں کو قرنطینہ کرکے پھر اُن کے شہروں میں جانے دیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ڈاکٹر عبدالباری اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کُل 2398 لوگ ایران گئے تھے جن میں 1277 واپس پہنچے اور اُن کو 14 دن کی آئیسولیشن کے بعد کلیئر کیا گیا ہے جبکہ 823 اب بھی قرنطینہ میں ہیں۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 2100 کو ڈسٹرکٹ ریسپونس ٹیم نے ٹریس کیا ہے باقی 298 ٹریس ہونے ہیں، آج 6 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا اور سب کا ٹیسٹ منفی آیا جبکہ گذشتہ روز کل 8 ٹیسٹ کیے گئے تھے اور وہ سب بھی منفی آئے تھے۔
اب تفتان سے نئے لوگ آرہے ہیں، جن میں بیشتر جیکب آباد آئیں گے، اُن کی چھان بین کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تفتان میں جو بھی لوگ پہنچ رہے ہیں اُن کو قرنطینہ کرکے پھر اُن کے شہروں میں جانے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 15 جنوری سے اب تک 13098 افراد ایران سے واپس آئے ہیں، جبکہ 1600 افراد تفتان سے سندھ آنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلوچستان حکومت سے درخواست کی جائے کہ ہر آنے والے فرد کو 14 دن قرنطینہ کر کے پھر بھیجا جائے۔











