دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نیپالی حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو مہم جوئی کرنے والے کوہ پیماؤں کے لیے بند کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کی حکومت نے 14 مارچ سے 30 اپریل تک کوہ پیماؤں کے اجازت نامے منسوخ کردئیے۔
اس سے قبل چین کی زیر قیادت ماؤنٹ ایورسٹ کےشمال سے مہم جوئی پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
نیپال ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کرنے والوں کو اجازت نامے جاری کر کے تقریباً 4 ملین ڈالر کماتا ہے۔
نیپالی وزیر اعظم کے دفتر کے سکریٹری نارائن پرساد بیدار نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ حکومت نے 30اپریل تک تمام سیاحتی ویزے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن کی مہم جوئی کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔
نیپال کا رخ کرنے والے زیادہ تر کوہ پیماؤں کا تعلق امریکا، بھارت، چین، برطانیہ، جاپان جنوبی کوریا سے ہے، غیر ملکی کوہ پیما نیپالی حکومت کے لیے آمدنی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہیں۔












