مسلم لیگ (ن ) کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چین کی طرز پر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی یکساں پالیسی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے مجموعی صورتحال پر مشاورت کی گئی جس میں لاک ڈاؤن کی صورت میں تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن ) کےصدر نے پارٹی کو کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع قومی لائحہ عمل اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں معاشی ٹیم، ہیلتھ ٹاسک فورس، سیاسی ٹیم اور میڈیا ٹیم کو ذمہ داریاں سونپیں، ٹیمیں جنگی بنیادوں پر اپنے اپنے شعبے سے متعلق جامع تجاویز تیار کریں گی۔

شہباز شریف کل جامع قومی لائحہ عمل اور سفارشات قوم کے سامنے پیش کریں گے اور قوم کو آگاہ کریں گےکہ معاشی، سماجی، سیاسی اور میڈیا کے محاذ پر ہم سب کا کیا کردار ہوناچاہیے جبکہ لاک ڈاؤن اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاشی حکمت عملی کا اعلان کیاجائے گا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی گئی، شہباز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام کی حفاظت، بچاؤ کی کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایران سے آنے والے زائرین کی ہینڈلنگ، اسکریننگ میں مجرمانہ غفلت کا نتیجہ پورا ملک بھگت رہا ہے۔

پاکستان اور عوام کے مفادات کی نگہبانی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتنے دیں گے۔

اجلاس میں پارٹی صدر شہباز شریف کی مشکل صورتحال میں بروقت وطن واپسی کا خیرمقدم کیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ عوام کی شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن ) سے بہت توقعات وابستہ ہیں، موجودہ حالات کے تناظر میں عوام چاہتے ہیں شہباز شریف اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔

تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے موجودہ صورتحال میں حکومت پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY