ترکی میں پولیس نے شدت پسند تنظیم داعش کے 30 مشتبہ جہادی گرفتار کر لیے ہیں۔ ترک خبر رساں ادارے دوگان کے مطابق ان مشتبہ عسکریت پسندوں کو ادانا صوبے سے حراست میں لیا گیا۔
جمعے کے روز سامنے آنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لیے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے پولیس اہلکاروں نے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے 40 مقامات پر بیک وقت چھاپے مار کر ان عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔
یہ گرفتاریاں ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں، جب ترک فورسز شمالی شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف اپنے آپریشن میں شدت لا چکی ہیں۔ ترکی نے اگست میں شامی سرزمین پر اپنی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔













