روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے امریکا کی جانب سے روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے احکامات میں انتقامی کارروائی کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت کی جانب سے روس کے خلاف نئی پابندیوں کی مذمت کی، تاہم کہا کہ روس امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے نہیں کہے گا۔
اس سے قبل روسی وزارت خارجہ نے صدر پوٹن کو 35 امریکی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کی درخواست بھیجی تھی۔ امریکی صدر باراک اوباما نے 35 روسی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔ واشنگٹن حکومت کا الزام ہے کہ روس نے مختلف سیاسی ویب سائٹس اور ای میل اکاؤنٹس ہیک کر کے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کی۔












