امریکہ میں ہلاکتیں 14 ہزار، صرف نیویارک شہر میں 4 ہزار سے زیادہ اموات، بھارت میں 5700 مریض، 178 ہلاک، پاکستان میں 4196 مریض، 60 کا انتقال، 467 صحت یاب
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز 14 لاکھ 35 ہزار جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 82 ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس سے امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 2000 افراد ہلاک ہوئے۔ اب تک وبا سے ایک دن میں ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر عالمی ادارہ صحت نے غلط ہدایات جاری کیں۔
بھارت کے وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا عندیہ دیا ہے۔
چین کے شہر ووہان میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے۔
ووہان میں شہریوں کو سفری اجازت مل گئی ہے.
ترکی کا سب سے بڑا شہر استنبول وبا کا مرکز بنا ہوا ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کے مطالبات بڑھ رہے ہیں۔
امریکہ، اسپین اور اٹلی کے بعد فرانس میں بھی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن بدستور انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے اینٹی ملیریا دوا، ہائڈروکسی کلوروکوئن، کی سپلائی کی ہامی بھرنے کے بعد، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو عظیم اور واقعی اچھا دوست قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی ریاست گجرات کی تین دوا ساز فیکٹریوں سے دواؤں کی بڑی کھیپ جلد امریکہ پہنچ رہی ہے۔
سینئر کانگریس رہنما ششی تھرور نے اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ بھارت بغیر کسی غرض کے دوا کی سپلائی پر راضی ہوا ہے۔ لہذٰا اگر امریکی لیبارٹری میں کرونا وائرس کی ویکسین تیار ہو جائے تو امریکہ کو اسے بھارت بھجوا کر احسان کا بدلہ چکانا چاہیے۔













