وزیراعطم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کے پیدا ہونے والی صورتحال میں قوم متحد ہو، یہ بحران ہے اس پر سیاست نہ کی جائے کیوں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی، اس کی اس سے قبل کوئی مثال نہیں ملتی۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کے حوالے سے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 اپریل تک کورونا کے کیسز 50 ہزار تک تجاوز ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ آج کے اندازوں کے مطابق ان کی تعداد 12 سے 15 ہزار کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیسز کی اس تعداد کی حد تک ہمارے ہسپتالوں میں موجود سہولیات کافی ہیں تاہم جس طرح کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہورہا ہے کہ 15 مئی سے 25 مئی تک مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے اور اس دوران ہسپتالوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے حالات مغربی ممالک سے بہت مختلف ہیں کچی آبادیوں میں بہت گنجان آبادی ہے، جہاں ایک ایک کمرے میں 6 سے 8 افراد رہائش پذیر ہیں۔












