کراچی میں جاری لاک ڈاون کا 28 واں روز ہے، محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے گزشتہ روز کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس مکمل پابندی کے تحت آج سے موٹر سائیل پر ڈبل سواری کی اب خواتین، بچوں، پولیس و رینجرز اہلکاروں سمیت کسی کو بھی اجازت نہیں ہو گی۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ محکمۂ داخلہ سندھ نے ڈبل سواری پر تمام استثنیٰ اور رعایت ختم کر دی ہے، پولیس افسران و اہل کار موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پابندی کا اطلاق ناصرف خواتین اور بچوں پر ہو گا بلکہ اس کا اطلاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر بھی ہو گا۔

کراچی پولیس چیف نے شہر کی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ادھر شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس کے ناکے بڑھا دیے گئےہیں، جہاں تمام گزرنے والے لوگوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

‎کراچی میں لاک ڈاﺅن کے دوران ریستورانوں کو ہوم ڈیلیوری کیلئے اور تندوروں کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھولا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے سندھ بھر میں پہلے ہی سے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

2 روز قبل وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ڈبل سواری کا صحافیوں کے لیے استثنیٰ بھی ختم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY