ڈاکٹر نگہت نسیم کی کورونا ڈائری ۔۔۔قسط نمبر12‎

0
1130

 فروری13, 2020

جاپان میں پہلی کرونائی موت

سیاحت
میرا مشغلہ ہے
مجھے زندہ رکھتا ہے
اکتوبر 2018 میں جاپان گئی تھی
ٹوکیو روشنی اور رونقوں والا شہر ہے
اس کے قریب کا علاقعہ
کاناگاوا ہے
آج اسی شہر میں
کورونا وائرس سے متاثرہ 80 سالہ خاتون مرگئی
جاپان میں کورونا سے ہونے والی پہلی موت ہے
کاش یہ آخری ہی ہو
لمحات حیات کتنے مختصر ہیں
خوشیوں کی بجائے غم لکھ رہے ہیں
بردبار سے جاپانی
کیسے اشک بہاتے ہونگے
بزرگوں سے وفا نبھاہنے والے خاموش سے جاپانی
پہلی بزرگ خاتون کی موت پر
ایک دوسرے کو پرسہ دیتے ہونگے
سنو ۔۔ جاپان
وقت بار بار آتا رہتا ہے
ہمیں ریسائیکل کرتا ہے
شاید کہ
ہم وقت کی درست قیمت لگا لیں
عالم ناپائیدار سے
اپنے اچھے دن
برے وقتوں کے لئے سنبھال لیں !
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

 فروری14, 2020

محبت کا دن

آج کے دن
پچھلے سال تک
ایسا ہی ہوتا آیا تھا
دنیا محبت کا جشن مناتی تھی
یوں لگتا تھا
پوری کائینات
خمار کی چادر میں لپٹی ہوئی ہے
ہر سو خوش رنگ پھول مہکے ہوئے ہیں
رات تو جیسے
دوش نسیم پر ردائے عنبریں پھیلائے پاؤں ہلارہی ہو
وقت جیسے ٹھہر سا جاتا تھا
اور ۔۔۔۔سال گزر جاتا تھا
آج 14 فروری 2020 کا کوئی پل زاد راہ نہیں
بس ایک افسردہ سی گھڑی ہے
اور ایسے میں مصر میں
پہلا کورونا کیس رپورٹ ہوا ہے
یورپ کے شہر فرانس میں
پہلی موت ریکارڈ پر آئی ہے
ڈرتی ہوں
کمزور دل کہیں حوصلہ نہ ہار جایئں
آہ !
افسردگی کے سائے
زندگی پرگہرے ہو رہے ہیں !

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY