بھارت کو پاکستان مخالف اقدامات میں ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑ گئی،اقوام متحدہ میں پاکستان پر پابندی لگانے کی بھارتی قرارداد مسترد کردی گئی ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان مخالف قرارداد کامسترد ہونا اہم فورم پر بھارتی ایجنڈا مسترد ہونا ہے ، دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے ، پاکستان پر الزام لگاکرنئی دہلی نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت کی طرف سے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے قرارداد جمع کرائی،جس میں پاکستان پر داعش اور القاعدہ کی مدد کا الزام لگایا ،جو سلامتی کونسل نے مسترد کردی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قراردادمستردہونے سے اہم فورم کوسیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کرنے کی بھارتی خواہش ناکام ہوگئی،بھارت دہشت گردی کرانے،معاونت کرنے، وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کی ریاستی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے،کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اوراس کا اعترافی بیان اس کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان کے مطابق انسداد دہشت گردی سےمتعلق بھارت کا کردار مشکوک ہے، آنے والے دنوں میں اقوام متحدہ کوپاکستان میں بھارتی مداخلت کےمزید ثبوت دیں گے،بھارت ہم پر دہشت گردی کا الزام لگا کر اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے












