فروری21, 2020
نیا چہرہ!

آج لنچ بریک کی واک پر میرے ساتھ
“کوائے ینگ “ اور” ین ہوئی” تھیں
ہم سب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کچھ خفا سے تھے
کوائے ینگ کہہ رہی تھی
” ٹرمپ کو زیب نہیں دیتا ہر سرکاری کانفرنس میں
کورونا وائرس کو “چایئنز وائرس “کہہ دیتا ہے ”
امریکہ بھول رہا تھا
جب اس سے پہلی غلطی ہوئی تھی
چیچک کے جرثومے لیب میں بھیج دیئے تھے
دوسری بار غلطی سے پولیو کے وائرس پھیلائے تھے
عجیب بات تھی ۔۔
ین ہوئی کا احتجاج جائز تھا
امریکہ سے ہو تو حادثہ
کسی اور ملک سے ہو تو کریمنل ایکٹ
میری آنکھیں دکھ سے نم ہورہی تھیں
کشمیر ۔۔ فلسطین۔۔۔ عراق ۔۔۔ سیریا
اور۔۔ افغانستان کتنا کچھ یاد آگیا تھا
غلطیاں تھیں کہ سدھار میں ہی نہیں آرہی تھیں
کیا جھوٹ ہے اور کیا سچ ہے
فیصلہ وقت کی مٹھی میں بند ہے
ہمیں تو ۔۔۔ بس
اپنا اپنا سچ تاریخ کے حوالے کرنا ہے
جنوری 2019 سے دیکھ رہی ہوں
چین اور امریکہ
آپس میں زبانی کلامی دست و گریبان رہنے لگے ہیں
پوٹن فائر پلیس کی گرمی میں بیٹھا ٹھنڈا سا بیان دیتا رہتا ہے
اور تو اور
اسرائیل ۔۔۔ فرانس ۔۔ برطانیہ
آسٹریلیا ۔۔ کینیڈا ہاں میں ہاں ملاتے رہتے ہیں
اور بیچارے غریب ملک
بھیڑوں کی طرح ان کے پیچھے پیچھے چل پڑتے ہیں
اس وقت
یوں لگ رہا ہے ۔۔۔ جیسے
زمین کی گھڑیوں میں سوئیان ایک ساتھ دھڑک رہیں ہیں
انسان گھروں میں قید اور پرندے آزاد اڑ رہے ہیں
ٹائلٹ پیپر۔۔ ٹشو پیپر۔۔ٹن کھانے جیسے جائیداد ہوئے ہیں
انسان اور اس کے سارے رشتے
سوشل ڈیسٹنس میں قید ، لمس کو ترس رہے ہیں
مجھے لگ رہا ہے
جیسے ۔۔
سماج اپنے ارتقائی مرحلے پرآن کھڑا ہو
خوف کی زمین پر بچھائی
واہموں کی بساط کسی پہر الٹنے کو ہو
کیا ۔۔۔۔۔۔۔
ہر انسان کا
نیا چہرہ ابھرنے کو ہے
زندگی برق ہونے کو ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم
——————————-
فروری23, 2020
ڈائمنڈ شہزادی کروز جہاز!
اٹلی میں کورونا کے سبز قدم پڑتے ہی
تین لوگ مرچکے ہیں
وینیس کارنیول کینسل ہو چکا ہے
Venice Carnival

پاکستان نے ایران کے ساتھ تافتان سرحد کو بند کر دیا ہے
کیونکہ 43 زائرین وہاں سے کورونا ساتھ لے آئے تھے
ادھر ۔۔۔
جاپان کی مشکل دیکھی نہیں جا رہی
ڈائمنڈ شہزادی کروز جہاز
جو3 فروری 2020 کے دن
جاپان کی یوکوہاما بندرگاہ کے پانیوں پر اترا تھا
کھلے پانیوں میں 3700 افراد کیسے جان پاتے
ان میں سے 691 لوگ اندر سے بیمار ہو رہے ہیں
جو لوگ بیمار نہ تھے وہ گھروں کو جا چکے تھے
اور جو بیمار تھے وہ 14 دن کے قرنطینہ میں تھے
مجھے لگا ۔۔
جیسے جاپان سے غلطی ہوئی ہے
انہیں جہاز کے ہر فرد کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرنا چاہیئے تھا
میں افسردہ ہو رہی ہوں
کاش ۔۔۔
وباؤں کی تاریخ میں “دور اندیشی ” بھی کوئی وبا ہوتی !
ڈاکٹر نگہت نسیم













