مارچ18, 2020
دنیا بدل رہی ہے !

کورونا کی عالمی وبا نے
آتے ہی ۔۔ جو
خوف ، وہم ، سٹریس، ڈیپریش اور افسردگی پھیلائی
وہ ۔۔ اب ۔۔۔۔ دھیرے دھیرے
اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے
دنیا بدل رہی ہے
بچے اور بوڑھے جو سب سے زیادہ تنہا و پریشان رہے
وہ بھی سنبھلنے لگے ہیں ۔۔
لاک ڈاؤن میں
گیٹ کے دوسری طرف
نانا نانی دادا دادی کو ہاتھ ہلانے والے ناسمجھ بچے
گاڑیوں میں بیٹھے بیٹھے اپنی بات کرنے لگے ہیں
اپنوں سے ملنے کے خواب پھر سے بننے لگے ہیں
وقت سے بڑا استاد بھلا کون ہوا ہے
منفی سوچوں والے بھی مثبت ہو رہے ہیں
میں اس تبدیلی پر خوش ہوں
پر ۔۔۔
کہیں نہ کہیں
اندیشوں میں بھی گھر جاتی ہوں
سوچتی ہوں ۔۔
وبائی امراض
صرف بیماری اور موت جیسی تباہی ہی نہیں چھوڑتیں
بلکہ اس میں لوگ
بہت شکی مزاج
اور بہت آسانی سے یقین کرنے والے بھی بن جاتے ہیں
کیا انسان
دوبارہ ایک دوسرے پر یقین کر سکیں گے
آمنے سامنے بیٹھ کر محبت کر سکیں گے
گھروں سے کام کرنے والے اپنے آفس جا پایئں گے
بے خوف ہو کر ملکوں ملکوں گھوم سکیں گے
بازار جا کر گھنٹوں خریداری کر سکیں گے
اپنے ڈاکٹر سے مل کر اسے اپنا مرض بتا سکیں گے
اسکول ، کالج ، یونیورسٹی کا وقت یادگار بنا سکیں گے
سوچتی ہوں ۔۔۔
کیا دنیا دوبارہ پہلے جیسی ہو سکے گی
کبھی ۔۔۔۔ یہ بھی سوچتی ہوں ۔۔۔۔
دنیا کے ایک چوتھائی لاک ڈاؤن سے
فضائی آلودگی میں جو 25 فیصد کمی آئی ہے
کورونا کی عالمی وبا کے بعد
کیا ۔۔۔ انسان
اپنی فضا کو آلودگی سے بچا پائے گا ؟
میں بھی ناں ۔۔۔۔۔
—————————————
مارچ19, 2020
کشیر تو پہلے ہی لاک ڈاون تھا

آٹھ ماہ پہلے
پانچ اگست 2019 کے دن
بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیرریاست کو
آئین میں آرٹیکل 370 کے تحت اس کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی
اور ۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔
کشمیر وادی کا لاک ڈاؤن کردیا تھا جو اب تک جاری ہے
کشمیریوں پر کیا گزر رہی ہوگی ؟
سوچنے کے لئے
کسی کا بھی صرف انسان ہونا ضروری ہے
ضروریاتِ زندگی کی کمی
غذا اور ادویات کی قلت
کشمیریوں پر ٹیلی فون ‘ انٹرنیٹ کے استعمال پر بھی پابندی
ہائے ۔۔۔۔۔سات ارب انسان مل کر بھی
مقبوضہ جموں کشمیر کے 12۔6 ملین لوگوں کا خیال نہ رکھ سکے
وہاں اب بھی
آٹھ لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج
ایک لاکھ پولیس اور تیس ہزار خصوصی پولیس تعینات ہے
تاحال
عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے
جمہوری ادارے خود غرضی کی تصویر ہیں
یونایئٹد نیشن ریت میں سر دیئے طوفان سے بچ رہی ہے
وقت کو تاریخ میں لکھنا ہوگا !
ایسے وقت میں
جب پوری دنیا مل کر کورونا سے لڑرہی ہے
ایک ماہ کا لاک ڈاؤں ختم ہو رہا ہے
دنیا کے رابطے بحال ہو رہے ہیں
مظلوم کشمیری
لاک ڈاؤن ہی میں ہیں
رابطوں کو ترس رہے ہیں
بغیر دواؤں کے مر رہے ہیں
آہ ۔۔۔۔۔۔
اپنے پیاروں کی قبریں
گھروں میں ہی کھود رہے ہیں
اپنی آزادی
حقوق اور تحفظ کی جنگ تنہا لڑرہے ہیں
اور ۔۔۔۔
اس وقت بھی
ہم میں سے کوئی نہیں جانتا
کورونا کی عالمی وبا میں
مقبوضہ جموں کشمیر پر کیا گزررہی ہے ؟
ڈاکٹر نگہت نسیم













